ڈاکٹر جاوید احمد

ڈاکٹر جاوید احمد نے 2017 میں ادارہ تحقیقات گندم فیصل آباد میں بطو ر ڈائریکٹر عہدہ سنبھالا۔ اُن کا زرعی تحقیق  میں اٹھائیس سالہ تجربہ کثیرالجہتی ہے جس  میں گندم کی بہتر پیداوار ی خصوصیات کی حامل اقسام کی ایجاد کے لئے بریڈنگ، جینییات اور بائیوٹیکنالوجی کے پہلو شامل ہیں۔ مروجہ و جدید طریقہ تحقیق کے استعمال   کی مہارتوں نے انہیں صفِ اول کے اُن زرعی سائنسدانوں میں شامل کر دیا ہے جو لیبارٹری اور فیلڈ ریسرچ میں مسلسل جدت پسندانہ اندازِفکر کے حامل ہیں۔ انہوں نے 1992 میں زرعی یونیورسٹی  فیصل آبادسے پلانٹ  بریڈنگ اینڈ جنیٹکس میں ایم ایس سی آنرز ، 2004 میں  بائیوٹیکنالوجی کے میدان میں  گندم کے ڈبل ہیپلائڈ  اقسام کی ایجاد میں پی ایچ ڈی اور 2009 میں امریکہ سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ تحقیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے  کے لئےبین الاقوامی  ادارہ براےتحقیق  گندم و مکئی (میکسیکو) سے چھ ماہ  کی پیشہ ورانہ تربیت  گندم کے وائڈ کراسِز پر  حاصل کی۔ کئی قومی و  بین الاقوامی  تربیتی  پروگراموں میں شمولیت سے نہ صرف اپلا ئڈفیلڈریسرچ و لیبارٹری ریسرچ بلکہ انسانی و دیگر معاون وسائل کی موثر انداز میں استعمال کی انتظامی صلاحیت بھی نکھری۔ ان کی تحقیقی کاوشوں سے بہتر پیداوار  اور بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت کی حامل گندم کی آٹھ اور جو کی دو اعلی'  اقسام ایجاد ہوئیں۔ پاکستان میں  گندم کے  ڈبل ہیپلائڈ   بنانے والی پہلی  لیبارٹری کے کامیاب قیام کا سہرا  ان کے سر ہے۔ ان کی تحقیقی قابلیت کے اعتراف میں وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی حکومتِ پاکستان نے  پاکستان کے پروڈکٹِو سائنسدان کے اعزاز سے نوازا۔ دیگر کامیابیوں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن سے پی ایچ ڈی اور امریکہ سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کے لئے میرٹ  سکالرشِپ حاصل کرنا اور پھر  پی ایچ ڈی طلباء کے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ  سپر وائزر بننا شامل ہیں۔ حکومتِ پنجاب سے بیسٹ اچیور ایوارڈ حاصل کیا اور تحریکِ استحکامِ پاکستان کونسل سے قائدِاعظم گولڈ میڈل جیتا۔ ان کے 80 سے زائد تحقیقی مقالہ جات مختلف قومی اور بین الاقوامی  سائنسی جرائد میں بطور مصنف اور معاون  مصنف شائع ہو چکے ہیں۔