" ورلڈ سوائل ڈے" کے موقع پر آگاہی سیمینار اور واک کا ادارہ زرخیزی زمین،ٹھوکر نیاز بیگ، لاہور میں اہتمام کیا گیا

محکمہ زراعت پنجاب کے زیر ِ اہتمام آج" ورلڈ سوائل ڈے" کے موقع پر آگاہی سیمینار اور واک کا ادارہ زرخیزی زمین،ٹھوکر نیاز بیگ، لاہور میں اہتمام کیا گیا۔ورلڈ سوائل ڈے ہر سال اقوامِ متحدہ کے ادارہ خوراک کی کال پر پوری دنیا میں منایا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصدزمین کی صحت اور زرخیزی سے متعلق شعوراُجاگرکرنا ہے۔ امسال ایف اے او کی طرف سے  " ورلڈ سوائل ڈے" کا عنوان زمین اور پانی جو زندگی کی بنیاد ہیں،رکھا گیا ہے۔اس مناسبت سے محکمہ زراعت پنجاب نے زمین کی زرخیزی سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے سیمینار اور واک کا انعقاد کیا۔سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادڈاکٹر محمد اختر نے کہا کہ زمین قدرت کا انمول تحفہ ہے جو ہمارے لئے غذا پیدا کرتی ہے۔انواع واقسام کے پھل اور سبزیات اسی زمین سے پیدا ہوتے ہیں۔زمین اور پانی کی حفاظت ایک مقدس فریضہ ہے۔آج کا دن اسی بات کا اعادہ کرتا ہے کہ ہم اپنے زمین اور پانی کے وسائل پوری احتیاط سے استعمال کریں۔زمین کی صحت کا خیال رکھنے اور اس کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے محکمہ زراعت پنجاب نے صوبہ بھر میں سوائل واٹر ٹیسٹنگ لیب قائم کی ہوئی ہیں جو زمین کا تجزیہ کر کے اس میں غذائک عناصر کی نشاندہی کرتی ہیں۔محکمہ زراعت اب تک لاکھوں زمین کے سیمپل لے کر ڈیٹا بیس قائم کر رہا ہے اور زمین کے نمونہ جات لے کر کاشتکاروں کو بھی زمین کی صحت سے متعلق تفصیلاً رپورٹ ارسال کی جاتی ہے جس کی روشنی میں کاشتکارزمین میں کھادوں کے متوازن استعمال کو فروغ دے کر اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر اشتیاق حسن نے کہا کہ زمین کی صحت کا خیال رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔زمین صحتمند ہوگی تو اس سے فصلوں کی بھرپور پیداوار لی جا سکے۔اس ضمن میں محکمہ زراعت توسیع کاشتکاروں کو فصلوں کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے متوازن کھادوں اور فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے آگاہی فراہم کر رہا ہے جس سے ہماری ملکی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔اس موقع پر چیف سائنٹسٹ ادارہ زرخیزی زمین ٹھوکر نیاز بیگ لاہور قاضی محمد اکرم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ہذٰ ا نے کاشتکاروں کی راہنمائی اور زمین میں اُن کے بجٹ کے مطابق کھادوں کے متوازن استعمال کے لئے اینڈرائیڈ موبائل ایپلکیشن"کھاد حساب  "لانچ کی ہوئی ہے جس کی مدد سے کاشتکار اپنے دستیاب بجٹ اور فصل کے مطابق کھادوں کے متوازن استعمال سے متعلق معلومات لے سکتے ہیں۔ادارہ زرخیزی ِ زمین کاشتکاروں کی زمینوں کے نمونہ جات لے کر غذائی اجزاء کی کمی اور اس کے سدباب سے متعلق رپورٹس بھی ارسال کر رہا ہے جس کا مقصد صوبہ میں زمین کی صحت کو برقرار رکھنا اور زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے۔سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت زرعی ماہرین،کاشتکاروں و دیگر اسٹیک ہولڈرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس کے اختتام پر شرکاء نے ایک آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا جو زراعت کے دفاتر سے شروع ہو کر ٹھوکر نیاز بیگ لاہور اختتام پذیر ہوئی-