World Cotton Day Celebrated at Cotton Research Station AARI, Faisalabad

ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی طرف سے آج مورخہ 7 اکتوبر کو دنیابھر میں کاٹن ڈے منایا جارھاھے۔ اس سلسلہ میں ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے شعبہ کپاس کے زرعی سائنسدانوں نے بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کی صدارت چیف سائنٹسٹ ملک اللہ بخش ،چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر جاوید احمد اور ڈاکٹر عزیز الرحمن نے مشترکہ طور پر کی۔ اس تقریب میں چیف سائنٹسٹ ڈاکٹرساجد الرحمان، ڈاکٹر شاہد منیرچوہان، سینئر سائنٹسٹ  ڈاکٹر محمد آصف، ڈاکٹر جہانزیب ، ڈاکٹر امجد فاروق ، ڈاکٹر خنساء خاکوانی ، مقامی میڈیا نمائندگان اور کاشتکاروں نے شرکت کی ۔ اس دن منانے کا مقصد پوری دنیا میں کپاس کی اھمیت کو اجاگر کرنا اور کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ھے۔ اس وقت پاکستان کپاس پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں پانچویں نمبر پر ھے۔ کپاس پاکستان کی معیشت کی بحالی میں اھمیت کی حامل فصل ھے۔ اس اھمیت کے پیش نظر امسال وفاقی اور صوبائی حکومت نے کپاس بحالی کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے مالی  مراعات کے ساتھ جدید سفارشات سے آگاھی کے لئے موثر کوششیں کی ہیں ۔  ڈاکٹر محمد آصف سینئر سائنٹسٹ نے تقریب کےشرکاء اور میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے جاری کامیاب مہم ، زرعی سائنسدانوں ، فیلڈ ماھرین کی مثبت کاوشوں اور کاشتکاروں کی بھر پور محنت سے امسال ابتک  50 لاکھ سے زائد گانٹھ کپاس کی پیداوار حاصل ھوئی ھے۔ امید ھے کہ کلائمیٹ چینج کے مضر اثرات کے باوجود پیداوری ھدف کاحصول ممکن بنایا جائے گا۔ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے نہ صرف کاشتکاروں کی زرعی  آمدن میں اضافہ ھوگا بلکہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مقامی کپاس کی بہتر سپلائی سے ملکی معیشت کو بھی استحکام حاصل ھوگا۔