رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں ایک روزہ ٹیکنیکل سیشن کا انعقاد

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی ہدایات پر دھان کے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کے لئے رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں ایک روزہ ٹیکنیکل سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ٹیکنیکل سیشن میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان نے کہا کہ دھان ہماری اہم نقد آور فصل ہے۔امسال صوبہ پنجاب میں دھان کی فصل 55لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشت ہوئی ہے۔پاکستان قریباً40 لاکھ ٹن چاول کی برآمد سے سالانہ2.5 ارب ڈالر زرِ مبادلہ حاصل کر رہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دھان کی برآمدات میں اضافہ کیلئے ہمارے کاشتکار فصلوں پر زہروں کے سپرے کی بالائی حد(ایم آر ایل) کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کے مقرر کردہ اسٹینڈرڈ کو مدِ نظر رکھیں تاکہ بین الاقوامی طور پر ہمارے چاول کی مانگ میں اور اضافہ ہو سکے۔اس ضمن میں کاشتکار دھان کی فصل کے نقصان دہ کیڑوں کے تدارک کے لئے سپرے سے قبل محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین سے مشورہ کریں اور آئی پی ایم کے اُصولوں پر عمل کریں۔ اس کے علاوہ دھان کے کاشتکار نقصان دہ کیڑوں کی روک تھام اور کسان دوست کیڑوں کی افزائش کیلئے فصل کا ہفتہ میں دوبار معائنہ کریں۔ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزیدکہا کہ دھان کے کاشتکار کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ ہرگز نہ لگائیں کیونکہ اس سے فضائی آلودگی (سموگ) کا اندیشہ پیدا ہوتا ہے جو سب جانداروں کیلئے نقصان دہ ہے۔دھان کے مڈھوں کی تلفی کے لئے محکمہ زراعت کی ہدایات پر عمل کریں۔انھوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب نے امسال دھان کی کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ لگانے پر15 ہزار روپے فی ایکڑ جرمانہ اور ایف آئی آر کے اندراج کا حکم جاری کیا ہوا ہے۔اس لئے دھان کی کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ لگانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پنجاب نے اجلاس میں موجود محکمہ زراعت کے افسران کو دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے والے واقعات کی سخت مانیٹرنگ اور اس ضمن میں زیرو ٹالرلینس پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایات بھی کیں۔انھوں نے کہا کہ محکمہ زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کو مڈھوں کی تلفی کیلئے جدید مشینری سبسڈی پر فراہم کی ہے۔ دھان کے کاشتکار فصل کی کٹائی کے لئے ترجیحاًکبوٹا ہارویسٹر استعمال کریں ٹیکنیکل سیشن میں ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر اشتیاق حسن،ڈائریکٹر جنرل زراعت(پیسٹ وارننگ) پنجاب رانا فقیر احمد،پرنسپل سائنٹسٹ رائس ریسرچ انسٹیٹوٹ کالا شاہ کاکو سید سلطان علی شاہ،ڈائریکٹر زراعت توسیع لاہور ڈویژن شیر محمد شراوت،ڈائریکٹر زراعت توسیع ساہیوال ڈویژن چوہدری محمد شہباز و دیگر افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ٹیکنیکل سیشن میں زرعی ماہرین نے دھان کے کاشتکاروں کے سوالات کے جوابات دئیے اور اُن کو فنی راہنمائی فراہم کی.