فرانس کے سائنٹیفک ڈائریکٹرمیتھیو برن اور فرانسیسی سفارت خانہ کے کوارڈینیشن اتاشی ڈیویان گیلر پر مشتمل وفد نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کا دورہ کیا

  فرانس کے سائنٹیفک ڈائریکٹرمیتھیو برن اور فرانسیسی سفارت خانہ کے کوارڈینیشن اتاشی ڈیویان گیلر پر مشتمل وفد نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کا دورہ کیا اوردارہ میں جاری تحقیق کے عمل کو سراہا۔ ڈاکٹر محمد اختر،ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ، پنجاب نے فرانسیسی وفد کو پنجاب کے زرعی تحقیقاتی اداروں میں زرعی سائنسدانوں کی تحقیقاتی کاوشوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ امسال چائنا، یورپی یونین اور مشرق وسطحی کے ممالک کو 150ارب روپے سے زائد مالیت کے تل ایکسپورٹ کئے گئے ہیں۔2.3ارب ڈالر مالیت کے چاول کی برآمدات سے ملکی معاشی حالات کو استحکام حاصل ہوا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ امسال چینی اور مکئی کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ مزید براں کپاس بحالی پروگرام کے ذریعے ابتک 70لاکھ کے قریب گانٹھوں کا حصول ممکن ہو ا ہے جس سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو خام مال کی بروقت فراہمی سے ایکسپورٹ آرڈر کی تکمیل کو یقینی بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ڈاکٹر محمد اختر نے پنجاب کے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں پھلوں اور سبزیوں بالخصوص آلو کی پیداوار میں اضافہ کے لئے فرانس کے تجربات سے استفادہ کریں۔ فرانسیسی عہدیداروں نے پیشکش کیکہ وہ حکومتی سطح پر پاکستان اور فرانس کے درمیان فصلوں کے جرم پلازم کا باہمی تبادلہ کیا جائے گا جس سے زرعی تحقیق میں جدت لائی جائیگی۔ پاکستانی زرعی سائنسدانوں نے فرانس کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فارم میکنائزیشن، کلائیمیٹ چینج کے چیلنجز سے عہدہ برا ہونے اور مختلف فصلوں کی ہائبرڈاقسام کی تیاری میں معاونت کی جائے۔فرانس کے وفد نے پاکستان میں جاری زرعی تحقیق میں گہری دلچسپی لی اور محدود وسائل کے باوجود چاول، گندم، مکئی، آم،کنو، تیل دار اجناس کی فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول پر زرعی سائنسدانوں کی تحقیقاتی کاوشوں کو سراہا۔ فرانسیسی وفد نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں نمائشی مرکز کا دورہ بھی کیا۔ ڈاکٹر عزیزالرحمن، چیف سائنٹسٹ،شعبہ گندم، ڈاکٹر اشفاق احمد، چیف سائنٹسٹ،شورزدہ اراضیات، ڈاکٹر محمد اسلم، چیف سائنٹسٹ ازری، بھکر، ڈاکٹر سید اعجاز الحسن، چیف سائنٹسٹ، شعبہ آلو، سید سلطان علی، شعبہ چاول،اسرار محبوب، پرنسپل سائنٹسٹ، شعبہ مکئی اور ڈاکٹر خالد محمود، پرنسپل سائنٹسٹ، راری، بہاولپور، ڈاکٹر عابد نیاز، پرنسپل سائنٹسٹ نے پنجاب میں جاری جدید تحقیق کے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا زرعی سائنسدانوں نے ٹشو کلچر سے گندم،آلو، ادرک،پپیتا کے وائرس سے پاک پودے تیار کرکے کاشتکاروں کو فراہم کئے ہیں۔ایوب ایگری کلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد میں قائم آئی ایس او سرٹیفائیڈ لیبارٹریز میں مفید بیکٹیریا کاکلچر تیار کر کے مختلف فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ او زمین کی زرخیزی میں اضافہ کو ممکن بنایا گیا ہے۔ علاؤہ ازیں بائیو فرٹیلائزرز کی تیاری اور مختلف سبزیوں کی بیماریوں کے کنٹرول لئے بھی مفید جراثومے دریافت کئے ہیں۔ میتھیو برن نے پاکستان کی زراعت کی ترقی کے لئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔