وزیر زراعت،پنجاب جناب نعمان احمد لنگڑیال کا ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ، فیصل آباد کا دورہ

جناب نعمان احمد لنگڑیال،وزیر زراعت،پنجاب نے 2020-01-06 کو ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ، فیصل آباد کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر زراعت نے منصوبہ برائے بحالی ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کی تکمیل کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے کے تحت ادارہ ہذا کی خستہ حال عمارتوں کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے تاکہ سائنسدانوں کوبہتر تحقیقی ماحول مہیا کیا جاسکے۔افتتاحی تقریب میں خطاب کے دوران انہوں نے سائنسدانوں کو نئے سروس سٹرکچر کی منظوری پرمبارک باد دی۔ اور ڈاکٹرعابد محمود(ناظم اعلی زراعت،تحقیق) کی قائدانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے سائنسدانوں کے لیے فاسٹ پروموشن سسٹم متعارف کروایا ہے اور پچھلے ادوار کی بدولت تحقیقی بجٹ میں تقریبا ڈیڑھ گنا اضافہ کیا ہے جس کے بعد اب سائنسدانوں کی طرف سے مزید بہتر تحقیقی کاوشوں کی امید کی جاتی ہے۔اور تحقیقی عمل میں کوتاہی برتنے والے سائنسدانوں سے کسی قسم کی رعائت نہیں کی جائے گی۔وزیر زراعت نے سائنسدانوں کو احکامات جاری کئے کہ گندم اور کپاس کے ایسے بیج تیار کئے جائیں جو بدلتے ہوئے موسمی حالات سے مطابقت رکھتے ہوں۔اس موقع پر ڈاکٹرعابدمحمود (ناظم اعلی زراعت،تحقیق) نے سروس سٹرکچر کی منظوری کروانے پر ادارہ ہذا میں کام کرنے والے سائنسدانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر زراعت کا شکریہ اداکیا۔حکومت کی طرف سے کی جانیوالی حوصلہ افزائی کو سائنسدانوں نے خوش آئند قرار دیا اور مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔